عم محترم مولانا کلب صادق نقوی کے تعلیمی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا: مولانا کلب جواد نقوی

عم محترم مولانا کلب صادق نقوی کے تعلیمی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا: مولانا کلب جواد نقوی

لکھنؤ ۲۵ نومبر: حکیم امت ،مصلح قوم ،داعی اتحاد بین المسلمین اور نقیب تعلیم و تربیت ڈاکٹر مولانا سید کلب صادق نقوی کے انتقال پر مجلس علماء ہند کے تمام اراکین نے اظہار رنج و غم کرتے ہوئے مرحوم کے صاحبزادگان اور پسماندگان کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کی ۔مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا کلب جواد نقوی گزشتہ کئی دنوں سے سرینگر کے دورے پر تھے اس لئے وہ مناسب فلائٹ نہ ہونے کی بنیاد پرتدفین سے کچھ دیر کے بعد امام باڑہ غفران مآب پہونچے ۔مولانا سید کلب جواد نقوی نے امام باڑہ پہونچ کر مجلس عزا کو خطاب کیا اور عم محترم کی قبر پر فاتحہ خوانی کی ۔

امام جمعہ مولانا سید کلب جواد نقوی نےمجلس کو خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اپنے مشفق و محترم چچا کے انتقال پر غم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ عم محترم کا انتقال نہ صرف اہل خاندان کے لئے بلکہ قوم و ملت کا بڑا نقصان ہے جس کی تلافی ممکن نہیں ۔مرحوم ایک تاریخ سازشخصیت کے مالک تھے ۔تعلیم اور خدمت خلق کے لئے کی گئی ان کی کاوشوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔انہوں نے موجودہ صدی کو اپنے خدمات سے متاثر کیاہے اور نوجوان نسل پر ان کے تعلیمی کارناموں کے واضح اثرات دیکھے جاسکتے ہیں ۔مولاناکلب جواد نقوی نے کہاکہ عم محترم مولانا کلب صاد ق مرحوم کے کارنامے بے نظیر ہیں جنہیں محفوظ رکھنا اور ان کے تعلیمی مشن کو مزید ترقی دینا ضروری ہے ۔میں دعا گو ہوں کہ عم محترم کے فرزندان اپنے والد مرحوم کی طرح ترقی کی مزلیں طے کریں اور ان کے نام نامی کو روشن کریں۔مولانانے کہاکہ عم محترم کے جنازے میں اس قدر مجمع کا ہونا ان کی مقبولیت اور محبوبیت کی دلیل ہے ۔

مجلس علماء ہند کے صدر مولانا حسین مہدی حسینی ،مولانا محسن تقوی ،مولانا نعیم عباس نوگانوی ،مولانا نثار احمد زین پوری ،مولانا تقی حیدر نقوی ،مولانا صفدر حسین جونپوری ،مولانا تسنیم مہدی زید پوری ،مولانا رضا حسین رضوی ،مولانا کرامت حسین جعفری اور دیگر اراکین مجلس علمائے ہند نے مولانا سید کلب صادق نقوی کے انتقال پر اظہار غم کرتے ہوئے مولانا موصوف کے پسماندگان کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کی ۔

Related Stories

No stories found.
logo
The News Agency
www.thenewsagency.in